شاہراہوں پر لگی سرکاری تنصیبات کو شمسی توانائی پر منتقل کرنا خواب بن گیا
10-16-2025
(لاہور نیوز) حکومت کی جانب سے گرین انرجی پروگرام کے تحت شہروں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے دعوے تاحال عملی شکل اختیار نہ کر سکے۔
ادارہ جاتی نااہلی اور غفلت کے باعث بجلی کی بچت کا اہم منصوبہ کھٹائی میں پڑ گیا، ذرائع کے مطابق گزشتہ دو مالی سالوں کے دوران لاہور شہر میں سٹریٹ لائٹس اور ٹریفک سگنلز کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا، تاہم اس پر کوئی عملی پیشرفت نہ ہو سکی۔ رواں مالی سال کے بجٹ میں صورتحال مزید تشویشناک ہو گئی جب ایل ڈی اے اور ٹیپا نے سولر پینلز کی تنصیب کے لئے کوئی فنڈز ہی مختص نہیں کئے۔ دستاویزات کے مطابق گزشتہ مالی سال میں سٹریٹ لائٹس کو سولر پر منتقل کرنے کے لئے 4 کروڑ 4 لاکھ 65 ہزار روپے مختص کئے گئے تھے، مگر فنڈز کی دستیابی کے باوجود منصوبے پر کوئی کام نہیں ہو سکا۔ منصوبے کے تحت نہ صرف سٹریٹ لائٹس بلکہ شہر کے ٹریفک اشاروں اور سڑکوں پر نصب ایل ای ڈی لائٹس کو بھی شمسی توانائی پر منتقل کرنا تھا، جس سے بجلی کی مد میں کروڑوں روپے کی بچت متوقع تھی۔