سپریم کورٹ بار کے سالانہ انتخابات کا بڑا معرکہ کل 16 اکتوبر کو سجے گا
10-15-2025
(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کا بڑا معرکہ کل 16 اکتوبر کو سجے گا۔
انتخابی مہم اختتام پذیر ہو چکی ہے ،وکلاء کی نظریں پولنگ کے دن پر مرکوز ہیں۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں 1460 وکلاء ووٹ کاسٹ کریں گے۔ ملک بھر میں 13 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں لاہور، ملتان ، بہاولپور، کراچی، کوئٹہ، پشاور ، حیدرآباد سمیت دیگر پولنگ سٹیشنز شامل ہیں۔ ان میں سے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کو سب سے بڑا انتخابی مرکز قرار دیا گیا ہے، جہاں 20 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔پولنگ صبح ساڑھے 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔ لاہور رجسٹری میں وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل بطور پریزائیڈنگ افسر فرائض انجام دیں گے۔روایتی حریف انڈیپنڈنٹ گروپ اور پروفیشنل گروپ ایک بار پھر آمنے سامنے ہیں۔ صدارت کی نشست پر ہارون الرشید اور توفیق آصف کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ ہوگا۔ نائب صدر ( پنجاب) کی نشست پر محمد حبیب قریشی، چوہدری ارشد حسین اور خالد مسعود سندھو میں سخت ٹاکرا متوقع ہے۔ سیکرٹری کی سیٹ پر میاں عرفان اکرم اور ملک زاہد اسلم اعوان کے درمیان جوڑ پڑا ہے۔ملک بھر سے 4379 وکلاء ووٹ ڈالنے کے اہل قرار پائے ہیں۔