ہیئر: سی سی ڈی کا مبینہ پولیس مقابلہ، ایک شخص جاں بحق
10-15-2025
(لاہور نیوز) لاہور کے علاقے ڈی ایچ اے فیز 9 میں واقع ایک نجی شادی ہال کے قریب پولیس اور دو مشتبہ موٹرسائیکل سواروں کے درمیان مبینہ پولیس مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق ہیئر سی سی ڈی پولیس کی ٹیم نے شادی ہال کے قریب ناکہ لگایا تھا، جس دوران دو موٹرسائیکل سوار پولیس کو دیکھ کر رکنے کی بجائے فرار ہو گئے اور انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی، پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ کی گئی جس کے بعد صورتحال معمول پر آئی۔ فائرنگ کے دوران ایک شخص زخمی ہو گیا جس کی شناخت شیر افضل ولد محمد سلیم، عمر 25 سال، بھٹو چوک بیدیاں روڈ کےرہائشی کے طور پر ہوئی، زخمی کو فوری طور پر جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ موقع پر موجود پولیس نے فرار ہونے والے دوسرے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے، تاہم ابھی تک اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا، ابتدائی تفتیش کے مطابق شیر افضل کے ساتھی کا پولیس مقابلے میں ملوث ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پولیس حکام نے اس واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ ملزمان کو جلد گرفتار کیا جا سکے۔