سکولوں کی تعمیر و مرمت کیلئے مختص فنڈز واپس لے لئے گئے

10-14-2025

(لاہور نیوز) پنجاب میں سکولوں کی تعمیر و مرمت اور نئے کلاس رومز کی تعمیر کے لئے مختص 30 ارب روپے کے فنڈز محکمہ سکول ایجوکیشن کو دینے کے بعد واپس لے لئے گئے۔

ذرائع کے مطابق یہ فنڈز خطرناک قرار دی گئی سکول عمارتوں کی مرمت اور نئے کلاس رومز کی تعمیر کے لئے جاری کئے گئے تھے، تاہم حالیہ سیلابی صورتحال کے باعث محکمہ خزانہ  نے ساڑھے 28 ارب روپے واپس  لے لئے جبکہ باقی رقم بھی روک دی گئی ہے۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کو رواں مالی سال میں مجموعی طور پر 40 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی گئی تھی، جس کا مقصد تعلیمی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا تھا، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں سکول عمارتیں بوسیدہ اور ناقابلِ استعمال ہو چکی ہیں۔ فنڈز کی واپسی کے بعد سکولوں میں نئے کلاس رومز کی تعمیر اور خطرناک عمارتوں کی بحالی کا منصوبہ غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا گیا ہے، جس سے ہزاروں طلبہ کے تعلیمی مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بحالی اور ریلیف سرگرمیوں کے لئے فنڈز درکار تھے، جس کی وجہ سے دیگر محکموں سے فنڈز واپس لئے گئے۔