علی امین گنڈاپور دو خواتین کی لڑائی میں قربان ہو گئے: عظمیٰ بخاری

10-13-2025

(لاہور نیوز) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ علی امین گنڈاپور دو خواتین کی لڑائی میں سیاسی طور پر قربان ہو گئے۔

پنجاب اسمبلی میں صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب ایک وزیراعلیٰ ابھی تک ڈی نوٹیفائی نہیں ہوا تو دوسرا وزیراعلیٰ کیسے آ گیا؟ یہ عمل غیر آئینی ہے، گنڈاپور سیاسی قربانی بنے، یہ جمہوریت کا مذاق ہے۔ انہوں نے کہا کہ گنڈاپور کا استعفیٰ دو خواتین کی باہمی لڑائی کا نتیجہ ہے، کچھ عناصر صرف بیان بازی کرتے ہیں جبکہ حکومت عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے، خیبر پختونخوا کے عوام سے دلی ہمدردی ہے، لیکن آئینی تقاضے پورے کئے بغیر حکومتوں کی تبدیلی ناقابل قبول ہے۔ وزیراطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومتِ پنجاب جنوبی پنجاب میں ترقیاتی اقدامات پر خصوصی توجہ دے رہی ہے جہاں "ستھرا پنجاب" اور "سکول نیوٹریشن پروگرام" جیسے فلیگ شپ منصوبے جاری ہیں، ان کے مطابق روزانہ ایک ملین بچوں کو غذائیت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ ان کی جسمانی اور ذہنی نشوونما میں بہتری لائی جا سکے۔ وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ بچوں کے علاج کیلئے چلڈرن ہارٹ سرجری، وہیل چیئرز، سننے کے آلات، آنکھوں کے آپریشن اور عینکوں کی فراہمی جیسے پروگرامز کامیابی سے چل رہے ہیں، "اپنی چھت اپنا گھر" منصوبے کے تحت بیس ہزار گھر مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ ساٹھ ہزار مزید زیر تعمیر ہیں، صرف رحیم یار خان میں تین ہزار دو، ڈیرہ غازی خان میں چھ سو چودہ اور لودھراں میں ایک ہزار چودہ گھر تعمیر ہو چکے ہیں۔ عظمیٰ بخاری  نے لائیو سٹاک کارڈ کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دیہی علاقوں میں جانوروں کی فیڈنگ اور طبی سہولیات کو بہتر بنایا جا رہا ہے، رحیم یار خان اور چولستان جیسے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سب سے زیادہ جانور رجسٹر کئے گئے ہیں۔ انہوں  نے بتایا کہ گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت نو ہزار چار سو چونسٹھ ٹریکٹرز تقسیم کئے جا چکے ہیں، جن میں سے نصف جنوبی پنجاب کے کسانوں کو دیئے گئے ہیں، سعودی وفد نے بھی ٹرین اور لائیو سٹاک منصوبوں میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔