ڈاکٹر خالد محمود نے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب کا اضافی چارج سنبھال لیا

10-12-2025

(لاہور نیوز) ڈاکٹر خالد محمود نے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز (ڈی جی ایچ ایس) پنجاب کا اضافی چارج سنبھال لیا ، یہ تقرری ڈاکٹر خلیل احمد سکھیانی کی ریٹائرمنٹ کے بعد عمل میں آئی ہے۔

محکمہ صحت و آبادی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر محمود تاحکم ثانی اپنے موجودہ فرائض کے ساتھ ساتھ ڈی جی ایچ ایس کی ذمہ داریاں بھی انجام دیں گے۔ وہ اس وقت پرنسپل میڈیکل آفیسر (گریڈ 20) اور ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز (ایم آئی ایس) کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد سینئر افسران نے انہیں جاری منصوبوں اور ترجیحی اقدامات پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر محمود نے کہا کہ وہ اس نئی ذمہ داری کو “نظامِ صحت میں گورننس کو مضبوط بنانے، سروس ڈیلیوری کو مؤثر بنانے اور ڈیٹا پر مبنی فیصلوں کو فروغ دینے” کے لیے استعمال کریں گے۔ انہوں نے فوری ترجیحات میں ریفرل نظام کو بہتر بنانے، ادویات کی قلت پر قابو پانے اور صحت مراکز سے بروقت رپورٹنگ کو یقینی بنانے کو شامل کیا۔ ان کا کہنا تھاکہ ہم اصلاحات کو ٹیم ورک، واضح اہداف اور احتساب کے ذریعے آگے بڑھائیں گے۔ محکمہ صحت نے اس تقرری کو صوبے بھر میں صحت کی سہولیات پر نگرانی کو مؤثر بنانے اور سروس ڈیلیوری میں بہتری لانے کی کوشش قرار دیا ہے اور اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ ڈاکٹر محمود کی قیادت میں پنجاب میں مساوی، مؤثر اور معیاری صحت کی فراہمی کے وژن کو مزید تقویت ملے گی۔