سپیکرپنجاب اسمبلی کو کامن ویلتھ پارلیمنٹیرین آف دی ایئر ایوارڈ سے نوازا گیا

10-11-2025

(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی کی جمہوری اقدار کے فروغ کی عالمی سطح پر پذیرائی،سپیکرملک محمد احمد خاں کو کامن ویلتھ پارلیمنٹیرین آف دی ایئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

ایوارڈ تقریب بارباڈوس میں 68ویں کامن ویلتھ پارلیمنٹری کانفرنس کے موقع پر منعقد ہوئی۔ کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن نے سپیکر ملک محمد احمد خاں کی خدمات کو عالمی سطح پر سراہا۔ ملک محمد احمد خاں پہلے پاکستانی اور ایشیائی سپیکر ہیں جنہیں یہ اعزاز دیا گیا جو کہ سپیکر پنجاب اسمبلی کی قیادت، جمہوری خدمت اور بہترین حکمرانی کا اعتراف ہے۔ تقریب وزیراعظم بارباڈوس کی سرکاری رہائش گاہ پر منعقد ہوئی۔ کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن (CPA) میں 50 سے زائد ممالک کی 180 پارلیمنٹس شامل ہیں۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں کا انتخاب پاکستان اور پنجاب کے لیے باعثِ فخر ہے،یہ ایوارڈ پنجاب اسمبلی کے بین الاقوامی پارلیمانی کردار کی شاندار شناخت ہے۔ اس موقع پر ایم پی اے ملک احمد سعید خاں، سید علی حیدر گیلانی ، سارہ احمد بھی موجود تھے۔ سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چودھری عامر حبیب ، ایڈیشنل سیکرٹری قانون سازی علی حسنین بھلی اور ایڈوائزر برائے سپیکر اسامہ خاور بھی ہمراہ تھے۔