بھارتی قید سے رہا ہونیوالے 50 سے زائد پاکستانی ماہی گیر وطن پہنچ گئے

10-09-2025

(لاہور نیوز) بھارت سے رہا ہونے والے 50 سے زائد پاکستانی ماہی گیر واہگہ بارڈر لاہور کے راستے وطن واپس پہنچ گئے۔

رہائی پانے والے ماہی گیر واہگہ بارڈر لاہور کے راستے وطن واپس پہنچے ہیں، واہگہ بارڈر پر ماہی گیروں کا جذباتی استقبال کیا گیا، رہائی پانے والے ماہی گیروں نے وطن کی مٹی کو چوما تو اس موقع پر ان کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو نکل آئے۔ رہائی پانے والوں میں علی نواز، غلام علی، محمد اسلم، صدام حسین سمیت دیگر شامل ہیں، پاکستانی ماہی گیروں کا کہنا تھا کہ کئی برسوں سے بھارتی جیلوں میں قید تھے۔ واضح رہے کہ ماہی گیروں کو سمندری حدود کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا تھا، ماہی گیروں کو ایدھی فاؤنڈیشن کے حوالے کر دیا گیا ہے تاہم فیصل ایدھی کی ہدایت پر ماہی گیر لاہور سے کراچی روانہ کئے جا رہے ہیں۔