ٹک ٹاک پر محبت، 5 بچوں کی ماں نے خلع لیکر دوسری شادی کر لی
10-09-2025
(ویب ڈیسک) ٹک ٹاک پر محبت، 5 بچوں کی ماں نے پہلے شوہر سے خلع لے کر دوسرے شخص سے شادی کر لی۔
ٹک ٹاک پر 5 بچوں کی ماں کو عبدالرحمان نامی شخص سے محبت ہوگئی، خاتون ثنا نے پہلے شوہر نے خلع لے کر عبدالرحمان سے شادی کر لی۔ ہربنس پورہ کی ثنا کو ایڈیشنل سیشن جج عمران خورشید کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق ثنا نامی خاتون اپنے 5 بچوں کو چھوڑ کر گھر سے چلی گئی تھی، آج ایڈیشنل سیشن جج عمران خورشید کی عدالت میں اس کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے پولیس کی وساطت سے ثنا کو طلب کیا۔ خاتون نے موقف اختیار کیا کہ میں نے خلع لے لی ہے، لہٰذا میں پہلے شوہر شہباز کے ساتھ زندگی بسر نہیں کرسکتی۔ سابق شوہر کا کہنا تھا کہ مجھے علم ہی نہیں ثنا نے عدالت سے کب خلع لی؟ سماعت کے بعد بچوں نے رونا شروع کردیا۔ بچوں کا کہنا تھا کہ ہماری ماں ہمیں کیسے چھوڑ کر جاسکتی ہے؟ بڑی بچی اور بیٹا زارو قطار روتے رہے۔ عدالت کی طرف سے اجازت ملنے پر ماں نے بچوں کے ہاتھ سے اپنا ہاتھ چھڑایا اور دوسرے شوہر کے ساتھ چلی گئی۔ عدالت میں قانونی نقطہ یہ اٹھایا گیا کہ جب طلاق دی جاتی ہے تو عدت پوری کرنی ہوتی ہے، یونین کونسل کا سڑٹیفکیٹ لینا پڑتا ہے، لیکن اس خاتون نے کوئی سڑٹیفکیٹ نہیں لیا اور نہ ہی عدت کی مدت پوری کی۔