لاہور ڈویژن کے سرکاری کالجز میں جاگنگ ٹریک اور جم قائم کرنے کا فیصلہ

10-09-2025

(لاہور نیوز) لاہور ڈویژن کے تمام سرکاری کالجز میں طلبہ و اساتذہ کی جسمانی صحت بہتر بنانے کیلئے جاگنگ ٹریک اور جم قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

یہ اقدام ڈائریکٹر کالجز لاہور ڈویژن پروفیسر احسن مختار ملک کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا ہے، اس حوالے سے تمام کالجز کے سربراہان کو فوری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ کالج کی حدود میں صحت مند سرگرمیوں کیلئے موزوں سہولیات جلد از جلد فراہم کی جا سکیں۔ ڈائریکٹر کالجز پروفیسر احسن مختار ملک نے کہا ہے کہ صحت مند جسم ہی صحت مند ذہن کی بنیاد ہے اور تعلیمی اداروں میں جسمانی تندرستی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس منصوبے کا آغاز گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین، باغبانپورہ سے کیا گیا ہے جہاں پہلا جم اور جاگنگ ٹریک قائم کر دیا گیا ہے، افتتاحی تقریب میں طالبات نے جاگنگ میں بھرپور جوش و خروش سے حصہ لیا جس سے ان کے اعتماد اور دلچسپی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔