سموگ سے نمٹنے کیلئے ہمارے پاس اب مکمل ایکشن پلان ہے: مریم اورنگزیب
10-07-2025
(لاہور نیوز) سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سموگ سے نمٹنے کے لیے ہمارے پاس اب ایک مکمل ایکشن پلان ہے۔
مریم اورنگزیب نے بریفنگ میں بتایا کہ سموگ کا تعلق ماحول اور انسانی صحت سے ہے، سموگ کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں، اس سلسلے میں لاہور ڈویلپمنٹ پلان پر بھی تیزی سے عمل جاری ہے۔ سینئر وزیر نے اینٹی سموگ اقدامات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نوازکا انحصار اب الیکٹرک بس سروس،گرین ٹرانسپورٹ ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز نے ای وی بائیکس کی تقسیم بھی شروع کی، سکیم کے تحت الیکٹرک بائیکس دی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیڑھ سال میں سموگ کی سیزنل مینجمنٹ کی گئی، پہلے انفورسمنٹ سموگ کے سیزن میں ہوتی تھی، کسانوں کو 4 ہزار سے زائد سپرسیڈر دے چکے ہیں، ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ نے بہترین کام کیا ہے، اس سال 5ہزار سپرسیڈر دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں نالوں کی بحالی کا پروگرام جاری ہے، لاہور میں ایل ڈی اے اورپی ایچ اے سے مل کر اے کیو آئی مشینیں لگائی جارہی ہیں، سموگ کے خاتمے میں فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کا بہت اہم کردار ہے، فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے پودے لگائے جارہے ہیں، گرین پنجاب ایپ میں رپورٹنگ ہیلتھ لائن موجود ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جارہا ہے، جلد اے کیو آئی کلاکس نصب کردی جائیں گی، ہم نے 15سموگ گنز امپورٹ کی ہیں، پنجاب پہلا صوبہ ہے جہاں فیول کوالٹی چیک کی جارہی ہے۔