پنجاب حکومت کا بڑا اقدام: 57,000 رہائش گاہوں کی تعمیر کا منصوبہ
10-07-2025
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور عوام دوست فیصلوں کے تحت پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں 57,000 رہائش گاہوں کی تعمیر کا اعلان کیا ہے۔
اس منصوبے کا مقصد غریب اور مستحق افراد کو سستی اور معیاری رہائش فراہم کرنا ہے، پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیے کے مطابق پہلے مرحلے میں 20,000 رہائش گاہوں کی تعمیر کی جائے گی جس کیلئے 41 سائٹس کا انتخاب کیا گیا ہے۔ یہ رہائشی منصوبہ محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کے زیر انتظام تعمیر ہو گا اور ان میں رہائش گاہیں بین الاقوامی معیار کے مطابق بنائی جائیں گی۔ رہائشی یونٹس کو مستحق افراد کو آسان اقساط پر دیا جائے گا تاکہ وہ اپنی ضروریات کے مطابق اپنے گھروں میں رہ سکیں، اس منصوبے میں 16 اضلاع میں 250 مربع فٹ پر محیط رہائشی یونٹس تعمیر کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں پانچ اضلاع میں 530 مربع فٹ کی تین منزلہ رہائش گاہیں اور تین اضلاع میں 550 مربع فٹ پر محیط چار منزلہ یونٹس تعمیر کئے جائیں گے۔ منصوبے کے تحت رہائش گاہوں میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا، ہر رہائشی یونٹ میں شمسی توانائی کے نظام فراہم کئے جائیں گے تاکہ توانائی کے بحران کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اسی طرح بارش کا پانی ذخیرہ کرنے کا جدید نظام بھی متعارف کرایا جائے گا تاکہ پانی کے ذخیرے کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ محکمہ ہاؤسنگ کے ترجمان کے مطابق، اس منصوبے کی تکمیل پانچ سال میں کی جائے گی اور یہ ورلڈ بینک اور پرائیویٹ سیکٹر کے اشتراک سے تعمیر ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ، رہائشیوں کو تمام ضروریات زندگی کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے، جیسے کہ صحت، تعلیم، پانی، اور بجلی کی سہولتیں۔ پنجاب حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ منصوبے کی تعمیر میں کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔ رہائشی یونٹس کی تعمیر کے دوران معیار کی جانچ اور منصوبے کی نگرانی باقاعدگی سے کی جائے گی۔ ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کا کہنا ہے کہ یہ افورڈیبل ہاؤسنگ منصوبہ بہترین حکمت عملی کے تحت مکمل کیا جائے گا تاکہ عوام کو بہترین معیار کی سہولت فراہم کی جا سکے۔