پنجاب پر مشکل وقت آیا تو سیاست کی گئی: عظمیٰ بخاری
10-06-2025
(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے پاس کرنے کو بہت کچھ ہے جس کی کچھ لوگوں کو تکلیف ہے، جو کچھ نہیں کرسکتے وہ منہ ہلا سکتے ہیں۔
ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب میں "اپنی چھت اپنا گھر" پروگرام کا ایک موثر طریقہ کار شروع کیا گیا ہے جس کے تحت اب تک 90 ہزار گھر تعمیر کئے جا رہے ہیں، اس پروگرام کے تحت بننے والے گھر یا سولر پینل فروخت نہیں کئے جاتے بلکہ یہ صرف مستحقین کو فراہم کئے جاتے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب میں تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب کا سامنا کیا گیا، جس کے دوران 174 سانپ کے ڈسنے کے واقعات رپورٹ ہوئے مگر کسی بھی انسانی جان کا ضیاع نہیں ہوا، اس دوران ساڑھے 11 لاکھ لوگوں کو طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔ وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے سیلاب متاثرین کیلئے ریلیف کا کام تیزی سے جاری رکھنے کا حکم دیا ہے اور 17 اکتوبر سے متاثرین میں چیکس کی تقسیم کا عمل شروع کیا جائے گا، سول ڈیفنس کے ملازمین کی تنخواہوں میں 15 ہزار روپے اضافہ کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان اور مظفرگڑھ میں سیلاب کے باعث مشکلات کا سامنا ہے مگر مجموعی طور پر 25 اضلاع میں کوئی سنگین واقعات رپورٹ نہیں ہوئے، اس وقت پنجاب پر ایک امتحانی وقت ہے اور حکومت نے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں ہر طرح کے ٹیکس کی چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے، متاثرہ 27 اضلاع میں 2 ہزار 200 ٹیمیں ریلیف اور بحالی کے کام میں مصروف ہیں۔