فلڈ سروے میں 1 لاکھ 27 ہزار متاثرین کا ڈیٹا جمع کر لیا: ڈی جی پی ڈی ایم اے

10-05-2025

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر سیلاب متاثرین بحالی سروے تندہی سے جاری ہے، 27اضلاع میں 2233 سروے ٹیمیں ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لئے سیلاب سے متاثرہ گھر گھر پہنچ گئیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ فلڈ سروے میں 1 لاکھ 27 ہزار متاثرین  کا ڈیٹا حاصل کرلیا گیا، فلڈ سروے ٹیموں نے مختلف اضلاع میں 88,865 کسانوں سے سیلاب میں فصلوں کے نقصان کی تفصیلات حاصل کیں،سروے میں 3 لاکھ 42 ہزار ایکڑ سے زائد سیلاب متاثرہ اراضی کی نشاندہی مکمل کر لی ہے۔  فلڈ سروے ٹیموں نے سیلاب سے متاثرہ 37,044 مکانات کا ڈیٹا بھی لے لیا ہے، سیلاب کے باعث مویشیوں سے محروم ہونے والے 1400 افراد سے بھی تفصیلات لی گئی ہیں، مختلف اضلاع سے فلڈ سروے میں  5836 ہلاک مویشیوں کی تفصیلات موصول ہوئی ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق پاک فوج کے جوان اربن یونٹ ،ریونیو ،محکمہ زراعت اور لائیو سٹاک نمائندے سروے کے لئے گھر گھر پہنچ  رہے ہیں، پی ڈی ایم اے پنجاب روزانہ کی بنیاد پر سروے میں پیش رفت کا جائزہ لے رہا ہے۔ سیلاب متاثرہ افراد نے سروے ٹیموں سے گفتگو کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور متعدد جذباتی ہو گئے۔ متاثرین نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے  لئے نعرے لگائے اور نواز شریف کے لئے بھی تعریفی کلمات کا اظہار کیا۔ سیلاب متاثرین کا کہنا ہے کہ سروے ٹیموں کا  اتنی جلدی گھر گھر پہنچنا ہماری توقعات سے بالاتر اور حیران کن ہے۔ شہریوں نے رائے دیتے ہوئے کہا کہ شفافیت یقینی بنانے کے لئے کچھ وقت زیادہ بھی لگ جائے تو حرج نہیں۔ سروے ٹیموں نے متاثرین کو یقین دہانی کرائی کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ہر حق دار کو حق ملے گا۔