پنجاب حکومت کی ای ٹیکسی سبسڈی سکیم میں عوام کی بےمثال دلچسپی
10-03-2025
پنجاب حکومت کی ای ٹیکسی سبسڈی سکیم میں شہریوں کی بھرپور دلچسپی سامنے آئی ہے، جس پر حکومت نے گاڑیوں کی تعداد بڑھانے پر غور شروع کر دیا ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق اب تک 57 ہزار سے زائد افراد نے رجسٹریشن کروائی ہے جبکہ 17 ہزار سے زائد شہریوں نے درخواستیں جمع کرا دی ہیں۔ حکام کے مطابق 3.5 ارب روپے کی سبسڈی کے تحت 1100 الیکٹرک گاڑیوں پر سبسڈی دی جا رہی ہے، موصول ہونے والی درخواستوں میں 17 ہزار انفرادی آپریٹرز اور 98 فلیٹ اونرز شامل ہیں۔ ای ٹیکسی سکیم کے تحت 61 لاکھ سے ساڑھے ایک کروڑ روپے مالیت کی گاڑیاں سبسڈی پر فراہم کی جائیں گی جبکہ خواتین کے لیے 10 فیصد خصوصی ڈسکاؤنٹ رکھا گیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ اس سکیم کے ذریعے شہریوں کو ماحول دوست اور کم لاگت سفری سہولت فراہم ہو گی۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے منصوبے پر درخواستوں سے متعلق وزیر اعلیٰ پنجاب کو آگاہ کر دیا۔