صوبائی دارالحکومت میں فضائی آلودگی کا اوسط معیار 156 رہنے کا امکان
10-03-2025
(لاہور نیوز) لاہور میں سموگ کی نگرانی کرنے والے موسمیاتی پیشگوئی کے نظام نے فضائی آلودگی کے معیار کی رپورٹ جاری کی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ لاہور میں رات 12 سے صبح 8 بجے تک 'اے کیو آئی' (ایئر کوالٹی انڈیکس) 150 سے 185 کے درمیان رہنے کا امکان ہے، اس دوران فضائی آلودگی کا معیار شدید رہنے کی توقع ہے۔ اسی طرح صبح 8 سے شام 5 بجے تک 'اے کیو آئی' 115 سے 150 کے درمیان رہنے کا امکان ہے، شام 5 سے رات 11 بجے تک 'اے کیو آئی' 145 سے 180 کے درمیان رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ درجہ حرارت کا گرنا، ہوا کا دباؤ اور ہوا کی سمت 'اے کیو آئی' میں اتار چڑھاؤ پیدا کرتے ہیں، درجہ حرارت اور ہوا کی سمت میں تبدیلی سے سموگ میں اضافہ ہوتا ہے، جبکہ دن میں روشنی کی موجودگی کے سبب آلودگی کے ذرات ہوا میں پھیل جاتے ہیں جس سے سموگ میں کمی آتی ہے۔ موسمیاتی حکام نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے، خاص طور پر وہ افراد جو سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہیں، انہیں سموگ کے زیادہ اثرات سے بچنے کے لئے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئے۔