آزاد کشمیر کے موجودہ حالات انتہائی تشویشناک، حکومت حل نکالے: چوہدری سرور

10-03-2025

(لاہور نیوز) سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے آزاد کشمیر کے موجودہ حالات کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان جامع حل تلاش کرے۔

سابق گورنر پنجاب نے ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کو ایک معاملہ فہم قیادت اور دانشمندانہ حکمت عملی کی شدید ضرورت ہے جو حالات کو مزید بگڑنے سے بچائے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کہ موجودہ حکومت پاکستان نے کشمیریوں کے دیرینہ مطالبات کا فوری اور جامع حل کرنا تلاش کرنے کی بجائے طاقت کے استعمال سے حالات کو اس نہج پر پہنچا دیا ہے جہاں کشمیر میں قیمتی جانوں کا نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں پائیدارامن اوراستحکام کے لیے ان کے رہنماؤں سے فوری مذاکرات کیے جائیں اور ان کے حقوق کی ضمانت دی جائے، میں پچھلے 50سال سے کشمیری کمیونٹی کےساتھ کام کر رہا ہوں انکی پاکستان کے ساتھ وفاداری ، محبت ،استقامت کسی بھی شک سے بالاتر ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے موجودہ حالات پر گہری تشویش ہے، حکومت وقت سے مطالبہ ہے کہ ہوش کے ناخن لے اورکشمیر کی تمام قیادت کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے تمام مطالبات کا فوری حل نکالے۔