سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ریلیف آپریشن، امدادی سرگرمیاں جاری
10-03-2025
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے حکومت پنجاب کے ریلیف اقدامات بھرپور انداز میں جاری ہیں۔
صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ کے مطابق محکمہ سوشل ویلفیئر دن رات امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر تین ہزار سے زائد این جی اوز کے تعاون سے متاثرہ خاندانوں میں امدادی سامان تقسیم کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 88 ہزار سے زائد مریضوں کو طبی امداد اور ادویات فراہم کی گئیں، 1 لاکھ 16 ہزار سے زائد راشن بیگز متاثرین میں تقسیم کئے گئے، 5 لاکھ سے زائد پکے پکائے کھانے فراہم کئے گئے، 32 ہزار افراد کو کپڑے مہیا کئے گئے، 97 ہزار کلوگرام مویشیوں کے لئے چارہ تقسیم کیا گیا۔ سہیل شوکت بٹ کا کہنا تھا کہ متاثرین سیلاب کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور وزیراعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایت ہے کہ متاثرین کی مکمل بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امدادی سرگرمیوں کی روزانہ مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے اور کوئی بھی متاثرہ خاندان امداد سے محروم نہ رہے۔