صارف عدالت، دلہن کیلئے تیار کروائی ساڑی خراب دینے پر ہرجانے کا دعویٰ دائر
10-02-2025
(لاہور نیوز) شہر کے معروف علاقے اچھرہ بازار کی ایک ڈریس شاپ کے مالک کے خلاف صارف عدالت میں 20 لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا گیا ہے۔
دلہن کے والد نے الزام عائد کیا کہ ان کی بیٹی کی شادی کیلئے تیار کروائی گئی ساڑی خراب حالت میں دی گئی، جس کے باعث شادی کے فنکشن میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ صارف عدالت میں دائر کئے گئے دعویٰ میں دلہن کے والد نے کہا کہ انہوں نے اپنی بیٹی کی شادی کیلئے ڈریس شاپ کو ساڑی کا آرڈر دیا تھا، تاہم جب ساڑی تیار ہو کر آئی تو وہ خراب حالت میں تھی، دکان دار سے رابطہ کرنے پر کوئی شنوائی نہیں ہوئی اور اس اہم موقع پر ساڑی کی خرابی کی وجہ سے شادی کے فنکشن میں پریشانی ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ دکان دار کے خلاف ہرجانے کی کارروائی کی جائے کیونکہ اس کی غفلت کی وجہ سے شادی کے فنکشن میں شدید دشواری کا سامنا کیا گیا۔ عدالت نے ابتدائی بحث کیلئے 17 نومبر کی تاریخ مقرر کر دی جس میں دکان دار کو اپنی پوزیشن پیش کرنے کا موقع ملے گا، صارف عدالت کے جج نے اس اہم معاملے کی سماعت کی تاریخ طے کرتے ہوئے درخواست گزار کے وکیل کو مزید تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔