درآمدی اور مقامی تیار گاڑیوں کیلئے 62 لازمی معیارات مقرر
10-02-2025
(مدثر علی رانا) حکومت نے درآمدی اور مقامی تیار کردہ گاڑیوں کے لئے 62 لازمی معیارات مقرر کر دیئے۔
وزارت صنعت و پیداوار کے مطابق درآمدی گاڑیوں پر یہ معیارات فوری طور پر لاگو ہوں گے جبکہ لوکل مینوفیکچررز کے لئے یکم جولائی 2026 سے نافذ ہوں گے۔ دستاویزات کے مطابق 5 سال پرانی امپورٹڈ گاڑیوں پر 30 جون 2026 تک 40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد ہو گی، درآمدی گاڑیوں کے لئے ماحول دوست، سیفٹی، معیار اور ٹیسٹنگ کے بین الاقوامی سرٹیفیکیٹ لازمی قرار دیئے گئے ہیں۔ مزید برآں جاپان اور کوریا سمیت دیگر ممالک سے گاڑیاں درآمد کرنے سے پہلے متعلقہ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے سرٹیفیکیٹ درکار ہوں گے، انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ گاڑیوں کے سرٹیفکیٹس کی تصدیق کے مراحل مکمل کرے گا۔ حکومتی پالیسی کے تحت حادثے میں تباہ شدہ، میٹر ٹیمپرڈ، خراب انجن یا بغیر چیسس نمبر والی گاڑیاں درآمد نہیں کی جا سکیں گی۔