سرکاری قیمتوں کے برعکس سبزیوں اور پھلوں کی فروخت مہنگی

10-02-2025

(لاہور نیوز) ملک بھر میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے جس کی وجہ سے عوام کو مہنگائی کا سامنا ہے۔

حالیہ سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق متعدد سبزیوں اور پھلوں کے نرخوں میں اضافہ ہوا ہے، لیکن مارکیٹ میں یہ اشیاء سرکاری قیمتوں سے کہیں زیادہ قیمتوں پر فروخت کی جا رہی ہیں۔ سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جیسے کہ پیاز کی سرکاری قیمت 85 روپے کلو مقرر کی گئی ہے، لیکن مارکیٹ میں یہ 120 روپے کلو تک فروخت ہو رہی ہے، اسی طرح ٹماٹر کی سرکاری قیمت 150 روپے کلو ہے، مگر مارکیٹ میں یہ 200 روپے کلو تک مل رہا ہے، لہسن کی سرکاری قیمت 285 روپے کلو ہے، تاہم یہ مارکیٹ میں 500 روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح ادرک کی سرکاری قیمت 530 روپے کلو مقرر کی گئی ہے، لیکن مارکیٹ میں یہ 650 روپے کلو تک دستیاب ہے، سبز مرچ کی سرکاری قیمت 130 روپے کلو ہے، مگر مارکیٹ میں یہ 200 روپے کلو تک بیچی جا رہی ہے، جبکہ لیموں کی سرکاری قیمت 120 روپے کلو ہے، لیکن مارکیٹ میں یہ 200 روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے، ٹینڈے دیسی کی سرکاری قیمت 210 روپے کلو ہے، مگر مارکیٹ میں یہ 380 روپے کلو تک پہنچ چکے ہیں۔ پھلوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، سیب کی سرکاری قیمت 325 روپے کلو ہے، مگر مارکیٹ میں یہ 400 روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے، کیلے کی سرکاری قیمت 180 روپے فی درجن ہے، مگر یہ 200 روپے فی درجن تک بیچے جا رہے ہیں، آڑو کی سرکاری قیمت 280 روپے کلو ہے، لیکن یہ 350 روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح انگور کی سرکاری قیمت 235 روپے کلو ہے، مگر مارکیٹ میں یہ 320 روپے کلو تک مل رہا ہے، پیپتا کی سرکاری قیمت 240 روپے کلو ہے، لیکن مارکیٹ میں یہ 350 روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ پوش علاقوں میں درجہ اول کی سبزیاں اور پھل منہ مانگے داموں پر فروخت ہو رہے ہیں، جبکہ پسماندہ علاقوں میں بھی مکس درجوں کے پھل عوام کی قوت خرید سے باہر ہو چکے ہیں، یہ صورتحال غریب عوام کیلئے سبزیوں اور پھلوں کو خریدنا مشکل بنا رہی ہے۔