ایل ڈی اے کا غیرقانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف آپریشن، 97 املاک سیل
09-30-2025
(لاہور نیوز) ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی خصوصی ہدایت پر ایل ڈی اے کا ٹاؤن پلاننگ ونگ غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں کے خلاف متحرک ہو گیا۔
ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریاز میں جاری بھرپور آپریشن کے دوران مختلف علاقوں میں 97 املاک کو سربمہر کر دیا گیا، ٹیموں نے گلبرگ، نیو گارڈن ٹاؤن، فیروزپور روڈ اور پائن ایونیو سمیت متعدد علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ کارروائی کے دوران گلبرگ اور نیو گارڈن ٹاؤن میں 23 املاک، جبکہ فیروزپور روڈ پر 40 املاک کو غیرقانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر سیل کیا گیا۔ ریکوری آپریشن کے تحت پائن ایونیو میں 22 املاک جبکہ سبزہ زار میں 12 املاک کو سربمہر کیا گیا، سیل کی گئی املاک میں نجی سکولز، ریسٹورنٹس، ورکشاپس، سپر سٹورز، بیوٹی سیلونز، کلینکس، فارمیسیاں، فوڈ پوائنٹس، دکانیں اور دفاتر شامل ہیں۔ یہ آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان اور چیف ٹاؤن پلانر ٹو اظہر علی کی زیر نگرانی انجام دیا گیا، ڈی جی ایل ڈی اے کے مطابق غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں اور فیس نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہر میں مربوط اور منظم ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔