پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کو ہنر مند بنانے کا پروگرام اکتوبر سے شروع ہو گا

09-29-2025

(لاہور نیوز) پنجاب کی 40 جیلوں میں قید تقریباً 40 ہزار قیدیوں کو معاشرے کا مفید اور باعزت رکن بنانے کیلئے اکتوبر سے پیشہ ورانہ تربیتی پروگرام کا آغاز کیا جائے گا۔

یہ پروگرام وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن "ہنر مند پنجاب" کا حصہ ہے جس کا مقصد قیدیوں کی اصلاح، بحالی اور انہیں روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ رہائی کے بعد معاشی طور پر خود کفیل بن سکیں۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ کے مطابق قیدیوں کو ایک ماہ کی مفت پیشہ ورانہ تربیت دی جائے گی جس میں مہمان نوازی، ویٹرنگ، کھانا پکانے اور صحت و صفائی سے متعلق مہارتوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی، یہ تربیت ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کے تحت انسٹی ٹیوٹ آف ٹورازم اینڈ ہاسپیٹلیٹی مینجمنٹ کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔ نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے ماہر تربیت کار جیلوں میں تربیتی مراکز قائم کریں گے جہاں قیدیوں کو عملی تربیت دی جائے گی، ابتدائی طور پر ان قیدیوں کو تربیت میں شامل کیا جائے گا جن کی رہائی آئندہ ایک سے چھ ماہ کے دوران متوقع ہے تاکہ وہ جیل سے نکلتے ہی کسی روزگار سے وابستہ ہو سکیں۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ کا کہنا تھا کہ محکمہ سیاحت اور محکمہ جیل خانہ جات کے باہمی تعاون سے یہ اقدام ممکن ہوا ہے جو قیدیوں کیلئے ایک نئی امید اور معاشرے میں مثبت تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہو گا۔