کوٹ رادھا کشن: سی سی ڈی ٹیم اور ڈاکوؤں میں پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو ہلاک

09-29-2025

(لاہور نیوز) کوٹ رادھا کشن کے نواحی علاقے میں سی سی ڈی ٹیم اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ پولیس مقابلے میں دو ڈاکو مارے گئے، جبکہ دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔

زخمیوں میں اے ایس آئی خالد سلیم اور کانسٹیبل عمران شامل ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو وہی ملزمان تھے جنہوں نے چند روز قبل ایک گھر میں ڈکیتی کے دوران خاتون کو اُس کے شوہر کے سامنے مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا تھا، واردات کے بعد سے پولیس ان ڈاکوؤں کی تلاش میں تھی جن کے خلاف پہلے ہی سے کئی سنگین نوعیت کے مقدمات درج تھے۔ ذرائع کے مطابق سی سی ڈی ٹیم کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ مطلوب ملزمان علاقے میں موجود ہیں جس پر چھاپہ مار کارروائی کی گئی، اس دوران ملزمان  نے فائرنگ شروع کر دی جس کے جواب میں پولیس  نے بھی جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، پولیس  نے علاقے کو گھیرے میں  لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔