پنجاب میں سیاحت کے فروغ کیلئے 30 ارب روپے کی رقم مختص
09-27-2025
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے کیلئے 30 ارب روپے کی بڑی رقم مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس رقم میں سے 18 ارب روپے مختلف آثار قدیمہ کی بحالی اور بہتری کیلئے خرچ کئے جائیں گے، محکمہ سیاحت کے مطابق جنوری میں لاہور میوزیم کی تزئین و آرائش کے بڑے منصوبے پر کام شروع کیا جائے گا، جو 135 سالوں کے بعد لاہور میوزیم کی بڑی پیمانے پر بحالی کا آغاز ہو گا۔ اس منصوبے کے تحت لاہور میوزیم کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا تاکہ یہ تاریخی ورثہ آنے والی نسلوں کے لئے محفوظ رہے اور سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بنے۔ مزید برآں، مذہبی سیاحت کے فروغ پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ ملک بھر سے سیاح اور زائرین پنجاب کی مذہبی اہمیت کے حامل مقامات کا دورہ کریں۔ سیکرٹری سیاحت ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ حکومت سیاحت کے شعبے کو وسعت دینے اور تاریخی ورثے کی حفاظت کو اولین ترجیح دے رہی ہے تاکہ پنجاب سیاحت کے حوالے سے ملک میں نمایاں مقام حاصل کرے۔