لاہور میں گرمی کی شدت برقرار، سموگ کی صورتحال بھی تشویشناک
09-27-2025
(لاہور نیوز) شہر لاہور ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے جہاں درجہ حرارت میں کسی قسم کی کمی دیکھنے میں نہیں آ رہی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، اس وقت لاہور کا درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق ہوا کی رفتار محض 3 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 67 فیصد تک جا پہنچا ہے، جو گرمی کی شدت میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔ دوسری جانب آلودگی کے حوالے سے بھی لاہور کی صورتحال تشویشناک بنی ہوئی ہے، ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کے مطابق شہر میں سموگ کی اوسط شرح 181 تک پہنچ چکی ہے، جس کے باعث لاہور ملک کا دوسرا آلودہ ترین شہر قرار پایا ہے۔ ماہرین صحت نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نکلنے سے گریز اور ماسک کے استعمال کی ہدایت کی ہے، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کو احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی ہے۔