حج درخواستوں کی سست روی، صرف 1800 فارم جمع، بکنگ تیز کرنے کی ہدایت
09-27-2025
(لاہور نیوز) وزارت مذہبی امور نے پرائیویٹ حج سکیم کے تحت بکنگ تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزارت مذہبی امور نے سست بکنگ پر تشویش کا اظہار کر دیا، سات روز میں صرف 1800 حج درخواستیں جمع ہو سکیں، وزارت مذہبی امور نے حج بکنگ فوری تیز کرنے کی پرائیویٹ آپریٹرز کو تحریری ہدایت کر دی۔ ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق پرائیویٹ آپریٹرز کو 19 ستمبر کو حج بکنگ کی اجازت دی گئی تھی، پالیسی کے تحت پرائیویٹ حج کی بکنگ کی آخری تاریخ 17 اکتوبر ہے، عازمین حج کی مکمل فہرست 22 اکتوبر تک فراہم کرنا لازم ہے۔ وزارت مذہبی امور نے خط میں کہا واجبات کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں، رواں برس پرائیویٹ آپریٹرز کا کوٹہ 90 ہزار سے کم کر کے 60 ہزار کر دیا گیا۔ گزشتہ برس 67 ہزار پرائیویٹ پاکستانی عازمین حج سے محروم رہ گئے تھے، پرائیویٹ آپریٹرز گزشتہ برس حج سے محروم 22 ہزار 97 عازمین کو بھی حج پر بھجوائیں گے، پرائیویٹ آپریٹرز 37903 کے حج کوٹے پر بکنگ کر رہے ہیں، 36100 پرائیویٹ عازمین حج کی بکنگ کی جانی ابھی باقی ہے۔