نجی اکیڈمیز، کوچنگ سینٹرز اور ٹیوشن سینٹرز کو قانونی دائرے میں لانے کا فیصلہ
09-26-2025
(ویب ڈیسک) پنجاب میں نجی اکیڈمیز، کوچنگ سینٹرز اور ٹیوشن سینٹرز کو قانونی قواعد و ضوابط کے تحت لانے کیلئے ایک اہم قدم اٹھا لیا گیا۔
پنجاب اسمبلی میں پنجاب پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوشنز پروموشن اینڈ ریگولیشن ترمیمی بل پیش کیا گیا ہے جس کا مقصد ان تعلیمی اداروں کو قانونی طور پر ریگولیٹ کرنا ہے۔ بل کے مطابق گزشتہ دہائی کے دوران نجی اکیڈمیز، کوچنگ سینٹرز اور ٹیوشن سینٹرز کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، ان اداروں نے امتحانات میں طلبہ کی تعلیمی کارکردگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس بل کی منظوری کے بعد نجی اکیڈمیز اور کوچنگ سینٹرز کیلئے نئے قواعد و ضوابط بنائے جائیں گے جن کے تحت ان اداروں کو مختلف سطحوں پر رجسٹرڈ اور تصدیق شدہ ہونا پڑے گا، اس میں شامل کئے جانے والے نکات میں تعلیمی معیار، تدریسی عملہ، فیسوں کی نگرانی اور دیگر اہم مسائل شامل ہیں۔ اگر کوئی ادارہ ان قوانین کی خلاف ورزی کرے گا یا رجسٹریشن کے بغیر کام کرے گا تو اس پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، اس بل کا مقصد طلبہ کے تعلیمی مفاد کی حفاظت کرنا اور ان اداروں کی شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔