وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس، میڈیکل و ڈینٹل کالجز کیلئے ایڈمشن پالیسی منظور
09-26-2025
(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں محکمہ صحت سے متعلق اہم فیصلےکئے گئے جبکہ پبلک اور پرائیویٹ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز کیلئے ایڈمشن پالیسی منظور کی گئی۔
اجلاس میں سرکاری میڈیکل کالجز میں داخلے کیلئے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ پاس کرنا ضروری قرار دیا گیا، اوورسیز پاکستانیز کے بچوں کیلئے ایم ڈی کیٹ میں 10ہزار ڈالر فیس مقرر کا بھی فیصلہ کیا گیا، پرائیویٹ میڈیکل کالج کی لسٹ میں نام آنے پر امیدوار کی یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں ایک تہائی فیس جمع ہو گی۔ پرائیویٹ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز کی حتمی میرٹ لسٹ آنے کے بعد یو ایچ ایس متعلقہ کالج کو جمع شدہ ایک تہائی فیس ٹرانسفر کر دے گی، داخلے کے خواہشمند طلبہ حتمی میرٹ لسٹ آنے پر متعلقہ پرائیویٹ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں ہی باقی فیس جمع کرائیں گے۔ اس کے علاوہ پرائیویٹ ہسپتالوں میں پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ کے بعد لازمی سروس کی باہمی تجویز پر اتفاق کیا گیا، سپیشلسٹ کی مانگ کے مطابق ٹرینی ڈاکٹر کو پرائیویٹ میڈیکل کالجز کے متعلقہ شعبے میں سپیشلائزیشن کیلئے بھیجا جائے گا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ساہیوال میں پہلی کامیاب انجیو پلاسٹی پر مسرت کا اظہار کیا، انہوں نے ساہیوال کے کارڈیک مرکز میں سرجری کے آغاز کو خوش آئند قرار دیا، وزیراعلیٰ نے میو ہسپتال کو ابلیشن سینٹر میں مریضوں کے علا ج کیلئے فول پروف اور شفاف طریقے کار وضع کرنے کی ہدایت بھی کی، وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کینسر کے مریضوں کو ہر صورت ریلیف دینے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں پنجاب میں نئے میڈیکل کالج کی الگ بلڈنگ بنانے کے بجائے سرکاری یونیورسٹیوں میں ہی میڈیکل بلاک بنانے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا، وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب کے مختلف اداروں کے بورڈ آف مینجمنٹ کی منظوری دے دی، انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر ہسپتال میں غریب مریض کو روپیہ خرچ کئے بغیر علاج کی سہولت ملنی چاہئے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چاہتی ہوں کہ کینسر کے ہر مریض کا علاج ممکن بنایا جائے، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نواز شریف میڈیکل سٹی کے جلد قیام کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی۔