پنجاب بار کونسل انتخابات: انکوائری کمیٹی میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل بطور ممبر شامل
09-25-2025
(لاہور نیوز) پنجاب بار کونسل انتخابات میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل اور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو بھی انکوائری کمیٹی کا ممبر بنا دیا گیا
پنجاب بار کونسل انتخابات 2025-2030 کے سلسلے میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر انکوائری کے لیے بنائی گئی کمیٹی میں اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب محمد عثمان خان کو بطور ممبر شامل کر لیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ کمیٹی پاکستان لیگل پریکٹیشنرز اینڈ بار کونسلز رولز 1976 کے رول 28(A) کے تحت تشکیل دی گئی ہے، جو شکایات کا جائزہ لے گی، انکوائری کرے گی اور اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کریں گے، جبکہ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل ناصر چوہان بھی اس کے رکن ہوں گے۔ قانونی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل اور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل باصلاحیت قانون دان ہیں، ان کی کمیٹی میں شمولیت نہ صرف بار کونسل کے انتخابی عمل کی شفافیت کو یقینی بنائے گی بلکہ وکلا برادری کے اعتماد میں بھی اضافہ کرے گی۔ ماہرین کے مطابق ان کا کردار کمیٹی کے فیصلوں کو مؤثر اور غیر جانبدار بنانے میں کلیدی ثابت ہوگا۔