سیلابی علاقوں کا ابتدائی سروے مکمل، پنجاب کے 27 شہر متاثر ہوئے: عظمیٰ بخاری

09-23-2025

(لاہور نیوز) وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرہ علاقوں کا ابتدائی سروے مکمل ہو گیا، پنجاب کے 27 شہر متاثر ہوئے ہیں۔

وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی صورتحال اور حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے ریلیف پیکیج کے بارے میں تفصیلات فراہم کیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار اتنا بڑا سیلاب آیا جس سے پنجاب کے 27 شہر متاثر ہوئے ہیں، اس سیلاب کے اثرات پورے پنجاب اور دیگر صوبوں تک پہنچے ہیں، سیلاب سے پنجاب کے 4 ہزار 794 مواضع جات اور 47 لاکھ 23 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں۔ عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا ابتدائی سروے مکمل کر لیا گیا ہے، وزیراعلیٰ اور ان کی ٹیم سیلاب متاثرہ علاقوں میں اپنی موجودگی کو یقینی بنا رہے ہیں تاکہ لوگوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے، وزیراعلیٰ مریم نواز  نے سیلاب متاثرین کیلئے ایک جامع ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے، جس کے گھر کا مکمل نقصان ہوا ہے انہیں 10 لاکھ روپے دیئے جائیں گے اور جن کے گھر کا جزوی نقصان ہوا ہے، ان کو 5 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ وزیراطلاعات پنجاب  نے مزید کہا کہ سیلاب سے متاثرہ کاشتکاروں کو فی ایکڑ 20 ہزار روپے دیئے جائیں گے اور جن کی گائیں یا بھینسیں متاثر ہوئی ہیں، انہیں 5 لاکھ روپے کی امداد دی جائے گی۔ وزیراطلاعات نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت نے یہ ریلیف پیکیج اپنے وسائل سے فراہم کیا ہے اور کسی بیرونی امداد کا انتظار نہیں کیا جا رہا، ہمیں کسی بیرونی مدد کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ہمارا یقین ہے کہ ہم اپنے وسائل سے ہی اس بحران سے نمٹ سکتے ہیں۔