ڈرامے کون سے موضوعات پر بننے چاہئیں؟ روبینہ اشرف نے بتا دیا

09-23-2025

(ویب ڈیسک) سینئر اداکارہ روبینہ اشرف نے کہا ہے کہ سنگین اور پیچیدہ معاشرتی مسائل پر ڈرامے بنانے کی سخت ضرورت ہے ، میڈیا اور ٹیلی وژن کا یہی کام ہے کہ وہ سماجی مسائل دکھائے۔

روبینہ اشرف نے نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں ان سمیت دیگر شعبہ جات کی شخصیات بھی شریک ہوئیں اور شو کے دوران معاشرے میں جنسی ہراسانی اور بچوں کے ساتھ نامناسب سلوک کے بڑھتے واقعات پر بات کی گئی۔ پروگرام میں ایک سوال کے جواب میں روبینہ اشرف کا کہنا تھا کہ بچوں کی پرورش کرنا صرف والدین کا کام نہیں اور یہ کہ والدین اپنی ذمہ داری کسی حد تک ادا کر رہے ہیں لیکن اس کے باوجود بچے بے راہ روی کا شکار بن جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کل دنیا تبدیل ہو چکی ہے، اب ہر چیز ایک ٹچ سکرین تک محدود ہوگئی ہے، اس لیے بچوں کی پرورش پہلے کے مقابلے زیادہ پیچیدہ کام ہوچکا ہے اور بچوں کی پرورش میں سماج کا بھی اہم کردار ہوتا ہے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ جس طرح والدین اور اساتذہ بچوں کو سکھاتے ہیں، اسی طرح معاشرہ بھی ان کی تربیت کرتا ہے اور بچے سماج سے بھی اثر لیتے ہیں، وہ جو دیکھتے ہیں، اسے اپناتے ہیں۔ روبینہ اشرف نے کہا کہ سماج میں جنسی ہراسانی اور بچوں کے ساتھ ناروا سلوک کے واقعات بڑھ چکے ہیں لیکن ادارے ملزمان کو عبرت ناک سزا دے کر کوئی ٹرینڈ سیٹ نہیں کر رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اداروں کو ملزمان کو سر عام سزا دے کر نشان عبرت بنانا چاہیے، تاکہ دوسرے اس سے سبق سیکھیں لیکن بد قسمتی سے ایسا نہیں ہو رہا ۔ ایک اور سوال کے جواب میں سینئر اداکارہ نے کہا کہ اگر سماج معاشرتی مسائل پر ڈرامے دیکھنے کے لیے تیار نہیں ہے تو سماج کو تیار کرنا پڑے گا۔ ان کے بقول، انہوں نے اپنے چالیس سالہ کیریئر کے دوران ایسے اچھوتے موضوعات پر بنے ڈراموں میں بھی کام کیا، جن موضوعات کو معیوب سمجھا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہر موضوع پر ڈرامے بنائے جا سکتے ہیں، صرف مسائل کو پیش کرنے اور بیان کرنے کا ہنر آنا چاہیے۔ روبینہ اشرف کا مزید کہنا تھا کہ سنگین اور پیچیدہ معاشرتی مسائل پر ڈرامے بنانے ہوں گے، کیوں کہ میڈیا اور ٹیلی وژن کا کام شعور اجاگر کرنا اور تفریح فراہم کرنا ہے۔ ان کے مطابق ٹیلی وژن کا کام صرف تفریح فراہم کرنا نہیں ہوتا بلکہ بہت سارے مسائل پر شعور اجاگر کرنا اور تعلیم دینا بھی ہوتا ہے۔