سیلاب متاثرین اللہ کے مہمان ہیں ،کسانوں کو 20 ہزار روپے فی ایکڑ امداد ملے گی: مریم نواز
09-22-2025
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین حکومت کیلئے اللہ کی طرف سے مہمان ہیں، کسانوں کو 20 ہزار روپے فی ایکڑ کے حساب سے مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ جتنے لوگوں کو ریسکیو کیا انہیں اپنا مہمان سمجھتے ہیں، میرے لیے وہ سیلاب زدگان نہیں اللہ تعالی کے مہمان ہیں، سیلاب زدگان کو عزت کے ساتھ میز کرسی پر کھانا دے رہے ہیں، جس کا گھر مکمل تباہ ہوا اسے 10 لاکھ روپے ملیں گے، جس کا مٹی کا گھر گرا اسے 5 لاکھ روپے ملیں گے۔ مریم نواز کا کہنا تھا جس کی گائے بھینس بہہ گئی ہے اسے 5 لاکھ روپے ملیں گے اور جس کی بھیڑ بکری بہہ گئی ہے اسے 50 ہزار روپے ملیں گے، سیلاب سے پہنچنے والے نقصان پر کسانوں کو 20 ہزار روپے فی ایکڑ امداد دیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے ہر ضلع میں بے گھر لوگوں کیلئے گھر بنائے جا رہے ہیں، وزیر اعلیٰ کا کام ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑے ہوں، کوئی ایسا شخص نہیں تھا جو حکومت میں ہو اور چین سے سو رہا ہو، 15 لاکھ گھرانوں کو راشن کارڈ فراہم کیا جا رہا ہے، اپنا گھر سکیم کے تحت 80 ہزار گھر بن رہے ہیں۔ پنجاب میں حالیہ سیلاب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا پنجاب میں پاکستان کی تاریخ کا بدترین سیلاب آیا، 25 لاکھ افراد کو سیلاب آنے سے پہلے محفوظ مقام پر منتقل کیا، سیلاب میں پھنسے لاکھوں لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جبکہ 2 ملین سے زیادہ جانوروں کو بھی محفوظ مقام پر پہنچایا گیا۔