شہری کو 10 کروڑ روپے تاوان کیلئے اغواء کرنے میں لاہور پولیس کے اہلکار ملوث نکلے

09-21-2025

(لاہور نیوز) شہری کو 10 کروڑ تاوان کیلئے اغواء کرنے میں لاہور پولیس کے 2 حاضر ڈیوٹی جبکہ ایک برخاست شدہ اہلکار نکلا، حکام کی جانب سے کیس کی مزید تفتیش سی سی ڈی کو سونپ دی گئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق اغواء کاروں میں شامل اہلکار فاروق پولیس لائن قلعہ گجر سنگھ جبکہ دوسرا پولیس اہلکار شاہد تھانہ مناواں میں تعینات ہے اور مفرور ہے، تیسرا ملزم آصف محکمہ پولیس سے برخاست شدہ ہے، تینوں اہلکاروں نے پرائیویٹ شخص کے ہمراہ ملکر شہری کو اغوا کیا۔ پولیس نے مقدمہ سے تاوان کی دفعات آزاد کر کے تفتیش کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے سپرد کر دی، شہری کو 10 کروڑ روپے تاوان کی نیت سے مذکورہ پولیس اہلکاروں  نے اغوا کیا اور چیکنگ کے بہانے اسکی گاڑی میں بیٹھے اور متاثرہ شہری کو نامعلوم مقام پر لے گئے۔ واردات کا مقدمہ چار نامعلوم افراد کے خلاف درج ہوا تھا، ملزمان کی جانب سے  شہری کے اغوا کے بعد 10 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا گیا، ملزموں  نے گن پوائنٹ پر دوست کو کال کروا کے پچیس لاکھ روپے منگوائے جبکہ مغوی کی کار میں موجود پندرہ لاکھ روپے بھی چھین لئے، ملزمان نے اورنج ٹرین سٹیشن کے قریب رقم منگوائی تھی جبکہ مغوی کے دوست کی تاوان کی رقم پل سے نیچے پھینکنے کی ویڈیو بھی سامنے آ چکی ہے۔ تھانہ ہربنس پورہ پولیس  نے 19 ستمبر 2025 کو ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا، ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ پولیس وردیوں میں ملبوس 4 اہلکاروں  نے مغوی کو اغواء کیا۔ واضح رہے کہ ہربنس پورہ کے رہائشی محمد ندیم نامی شخص کو ملزمان نے 17 ستمبر 2025 کو اغواء کیا جس کے بعد 40 لاکھ روپے حاصل کرنے کے بعد مغوی کو گاڑی سے پھینک کر ملزمان فرار ہو گئے تھے۔