گاڑیوں کی رجسٹریشن کیلئے شہریوں کو ایکسائز دفاتر کے چکر لگانے سے نجات
09-19-2025
(لاہور نیوز) ایڈیشنل ڈی جی ایکسائز رضوان شیروانی نے کہا ہے کہ شہریوں کو اب گاڑی کی انسپکشن کیلئے ایکسائز دفاتر نہیں آنا پڑے گا۔
رضوان شیروانی کے مطابق نئے سسٹم کے تحت گاڑی کی رجسٹریشن یا ٹرانسفر کے موقع پر شہریوں کو گاڑی کے فرنٹ، بیک اور چیسیز کی تصاویر اپلوڈ کرنا ہوں گی، تصاویر اپلوڈ کرنے کے بعد کیس انسپکٹر اور ای ٹی او کے فیز پر منظوری کیلئے جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں روزانہ سینکڑوں گاڑیاں انسپکشن کیلئے ایکسائز دفاتر آتی تھیں، لیکن نئے نظام سے عوام کو سہولت ملے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تمام نمبر پلیٹس اب ایڈوانس نمبرز کے طور پر خریدی جا سکیں گی، اس کیلئے ایڈوانس پی ایس آئی ڈی بنا کر نمبر حاصل کیا جا سکے گا۔