پنجاب حکومت کا ’ستھرا پنجاب اتھارٹی‘ قائم کرنے کا فیصلہ

09-19-2025

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے صوبے میں صفائی ستھرائی کے مؤثر نظام کو یقینی بنانے کے لئے "ستھرا پنجاب اتھارٹی" قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان کے مطابق اتھارٹی کی اولین ترجیح شہروں اور دیہات میں صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ہو گی۔ اتھارٹی کی ذمہ داریوں میں کوڑا کرکٹ کے بروقت اٹھانے، جدید ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ، ڈمپنگ سائٹس کی مؤثر نگرانی اور غیرقانونی کچرا پھینکنے کے خلاف سخت اقدامات شامل ہوں گے، اس کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور شجر کاری کے فروغ کو بھی منصوبے کا اہم حصہ قرار دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق اتھارٹی عوامی آگاہی مہمات کے ذریعے صفائی کو اجتماعی ذمہ داری بنانے پر زور دے گی، جبکہ جدید مشینری، افرادی قوت اور ٹیکنالوجی کے استعمال کو ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے۔