جلال پور پیر والا شہر محفوظ، موٹروے میں شگاف نہ ڈالنے کا فیصلہ
09-19-2025
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر جلال پور پیر والا شہر کی سیلاب سے حفاظت کیلئے ٹیکنیکل کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
یہ اجلاس پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی سربراہی میں منعقد ہوا، جس میں وفاقی و صوبائی وزرا اور مختلف محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ٹیکنیکل کمیٹی کو سیلابی پانی کے بہاؤ اور شدت میں کمی آنے کی بریفنگ دی گئی، کمیٹی کو بتایا گیا کہ جلال پور پیر والا میں سیلابی پانی کی سطح میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے جس کے باعث علاقے کی صورتحال میں بہتری کی امید ہے۔ بہتر صورتحال کے پیش نظر ٹیکنیکل کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ موٹروے میں شگاف نہ ڈالا جائے گا تاکہ مزید نقصانات سے بچا جا سکے، کمیٹی کے اراکین نے جلال پور پیر والا کے محفوظ ہونے کی رپورٹ بھی دی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ اب تک کی پیشرفت مثبت رہی ہے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی قیادت میں ٹیکنیکل کمیٹی نے جلال پور پیر والا شہر کے مختلف سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا جن میں دمر والا، کھروڑہ فاضل اور مڈوالہ شامل ہیں، کمیٹی نے ان علاقوں کی سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا اور وہاں امدادی کارروائیوں کے حوالے سے اقدامات پر بات کی۔ اجلاس میں ریسکیو و ریلیف آپریشن کی اب تک کی پیشرفت پر رپورٹ پیش کی گئی، جس میں سیلاب متاثرین کیلئے ٹینٹ، صاف پانی، خوراک اور مویشیوں کیلئے ونڈہ کی فراہمی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف تمام صورتحال کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہی ہیں، شہر اور شہریوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، اللہ تعالی کا شکر ہے کہ اب تک کی صورتحال بہتر ہے اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی اس مشکل سے نجات عطا فرمائے۔ ٹیکنیکل کمیٹی نے سیلاب متاثرین کی مزید مدد کیلئے تمام ضروری اقدامات کو تیز کرنے کا عہد کیا اور کہا کہ ان کی تمام تر کوششیں لوگوں کی حفاظت اور فوری ریلیف کے لیے ہیں۔