آج ہم شہیدوں کی قربانیوں کی بدولت آزادی کی فضا میں سانس لے رہے ہیں، گورنر پنجاب
09-18-2025
(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی شہید میجر عدنان اسلم کے گھر آمد، شہید کے اہلخانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔
گورنر سردار سلیم حیدر نے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے ملک و قوم کے لیے میجر عدنان کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا، سردار سلیم حیدر نے کہا کہ شہید میجر عدنان اسلم نے دہشتگردوں کا انتہائی جوانمردی سے مقابلہ کیا، پوری قوم کو ایسے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید میجر عدنان اسلم کے خاندان کا حوصلہ قابل رشک ہے، شہید کے سارے خاندان کو سیلوٹ کرتا ہوں، شہید میجر عدنان اسلم نے دوست کو بچاتے ہوئے اپنی جان کی قربانی دی جسے جتنا خراج تحسین پیش کیا جائے کم ہے۔ گورنر پنجاب نے کیپٹن تیمور حسن شہید کو بھی زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی، ملک کیلئے جانیں قربان کرنے والے شہدا اور ان کے اہل خانہ کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے، ملک کی حفاظت کے لیے جان قربان کرنا اعزاز کی بات ہے۔