پنجاب میں پہلی ای ٹیکسی سکیم کا باقاعدہ آغاز
09-17-2025
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے اپنی نوعیت کی پہلی ای ٹیکسی سکیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
سکیم کے تحت الیکٹرک گاڑیاں فراہم کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو بہترین سفری سہولتیں اور روزگار کے مواقع فراہم کئے جا سکیں، سکیم کے پہلے مرحلے میں 1100 الیکٹرک گاڑیاں فراہم کی جائیں گی، جن میں سے 1000 گاڑیاں کارپوریٹ سیکٹر کیلئے مختص کی گئی ہیں جبکہ 100 گاڑیاں انفرادی درخواست گزاروں کو دی جائیں گی۔ وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے بتایا کہ ان گاڑیوں کو 5 سال کی آسان اقساط پر بلا سود فراہم کیا جائے گا جس سے لوگوں کو اپنی گاڑیاں خریدنے میں سہولت ملے گی۔ سکیم میں خواتین کیلئے خصوصی طور پر 30 ای گاڑیاں مختص کی گئی ہیں تاکہ خواتین کو بھی معاشی طور پر خودمختار اور بااختیار بنایا جا سکے، اس کے ساتھ ساتھ درخواستیں دینے کیلئے آن لائن پورٹل (E-taxi.punjab.gov.pk) بھی قائم کیا گیا ہے جس پر شہری اپنے درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا کہ اس سکیم کے ذریعے نہ صرف روزگار کے مواقع ملیں گے بلکہ شہریوں کو بہتر اور ماحولیاتی طور پر صاف سفر کی سہولت بھی فراہم ہو گی، سکیم کے تحت حکومت خود انٹرسٹ کا بوجھ برداشت کرے گی تاکہ شہریوں کو بلا سود گاڑیاں فراہم کی جا سکیں۔ بلال اکبر خان نے مزید بتایا کہ ای گاڑیوں کے لئے چارجنگ انفراسٹرکچر بھی قائم کیا جا رہا ہے تاکہ گاڑیوں کے مالکان کو چارجنگ میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو، ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نہ صرف ماحول کو فائدہ پہنچے گا، بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔