میٹرک ٹیک منصوبے کو آغاز میں ہی دھچکا، داخلوں میں نمایاں کمی

09-16-2025

(لاہور نیوز) میٹرک ٹیک منصوبے کو آغاز میں ہی دھچکا لگ گیا، داخلوں میں نمایاں کمی دیکھنے کو ملی۔

محکمہ سکول ایجوکیشن کے جانب سے میٹرک ٹیک منصوبے میں اڑھائی لاکھ بچوں کو انرول کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا مگر تعلیمی بورڈز میں رجسٹرڈ طلبہ کی تعداد محض پچاس ہزار تک محدود رہی، جو منصوبے کی کامیابی پر سوالات اٹھا رہی ہے۔ اساتذہ کے مطابق نئے میٹرک ٹیک نصاب میں طلبہ کو اضافی مضمون پڑھنا پڑتا ہے، جس کی وجہ سے والدین اور طلبہ اس میں دلچسپی کم دکھا رہے ہیں، اس کے علاوہ والدین کئی طلبہ کو میٹرک سائنس یا آرٹس میں منتقل کر رہے ہیں تاکہ طلبہ پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ منصوبے کے حوالے سے مناسب آگاہی نہ ملنے کی وجہ سے والدین اور طلبہ میں میٹرک ٹیک کے حوالے سے عدم دلچسپی پائی جاتی ہے۔ مزید برآں، منصوبے کی مؤثر منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے توقعات کے مطابق نتائج حاصل نہیں ہو رہے۔ ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ میٹرک ٹیک کے مثبت اثرات دکھانے کے لئے مزید جامع حکمت عملی اور والدین و طلبہ کی مکمل شمولیت ضروری ہے، تاکہ تعلیمی معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔