توحید پارک میں نصب ٹرانسفارمر میں آتشزدگی، علاقہ مکینوں میں تشویش
09-16-2025
(لاہور نیوز) توحید پارک، یونین کونسل 76 میں نصب بجلی کے ٹرانسفارمر میں رات گئے اچانک آگ بھڑک اُٹھی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق ٹرانسفارمر میں لگنے والی آگ اس قدر شدید تھی کہ وہ زمین پر آ گرا، خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم قریبی گھروں اور دکانوں کو خطرہ لاحق رہا۔ آگ بجھانے کیلئے ریسکیو ٹیموں کی آمد سے قبل علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پانے کی کوشش کرتے رہے، مکینوں کا کہنا ہے کہ ٹرانسفارمر میں فنی خرابی کی شکایات کئی روز سے کی جا رہی تھیں، مگر متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ علاقہ مکینوں نے نواں کوٹ سب ڈویژن سے فوری طور پر نیا ٹرانسفارمر لگانے اور مستقبل میں اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لئے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔