پاکستان میں انٹرنیٹ سے محروم علاقوں کیلئے پی ٹی اے کا بڑا اقدام

09-15-2025

(لاہور نیوز) پاکستان میں انٹرنیٹ سے محروم علاقوں کیلئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے اہم قدم اٹھا لیا۔

پاکستان میں تقریباً ہر شعبہ میں انٹرنیٹ کا استعمال بڑھ چکا ہے تاہم دور دراز کے علاقوں کے رہائشی انٹرنیٹ کی سہولت سے محروم ہیں، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے فکسڈ سیٹلائیٹ سروسز کے لائسنس کا مسودہ جاری کر دیا ہے۔ اس اقدام کی بدولت پاکستان میں جہاں انٹرنیٹ کی عالمی و مقامی سیٹلائیٹ کمپنیوں کو اپنا کاروبار فروغ دینے کے لیے راہ ہموار ہوئی ہے، وہیں اب دور دراز علاقوں میں بھی انٹرنیٹ کی سہولت ممکن ہوگی۔ پی ٹی اے کے جاری اعلامیہ کے مطابق مسودہ لائسنس کے تحت کمپنیاں سیٹلائیٹ سسٹمز قائم اور چلانے کی مجاز ہوں گی اور لائسنس حاصل کرنے کے بعد وہ صارفین کو براہ راست سروس دے سکیں گی۔ سیٹلائیٹ کمپنیوں کو فکسڈ ارتھ سٹیشن، گیٹ وے اسٹیشن اور وی سیٹ کی اجازت ہو گی، جبکہ براڈ بینڈ، بیک ہال اور انٹرنیٹ بینڈ وڈتھ سروسز فراہم کی جا سکیں گی۔ علامیے میں بتایا گیا ہے کہ فکسڈ سیٹلائیٹ سروس لائسنس فیس 5 لاکھ ڈالر مقرر کی گئی ہے، لائسنس کی مدت 15 سال ہو گی اور منظوری کے 18 ماہ میں سروسز دینا ہو گی، اس کے علاوہ کمپنیوں کو پاکستان میں کم از کم ایک گیٹ وے سٹیشن قائم کرنا ہو گا۔ اس نئے نظام سے صرف ایک لائسنس پر سیٹلائٹ سروسز ممکن ہوں گی تاہم لائسنس کے تحت کمپنیاں صارفین کا ڈیٹا ملک کے اندر ہی محفوظ رکھنے کی پابند ہوں گی، پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ سٹار لنک، شنگھائی سپیس کام اور دیگر کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں۔