امیر بالاج قتل کیس، گوگی بٹ کی عبوری ضمانت میں 23 ستمبر تک توسیع
09-15-2025
(لاہور نیوز) سیشن کورٹ لاہور میں امیر بالاج قتل کیس کی سماعت کے دوران ملزم عقیل عرف گوگی بٹ کی عبوری ضمانت میں 23 ستمبر تک توسیع کر دی گئی۔
ایڈیشنل سیشن جج سید نجف حیدر نے کیس کی سماعت کی، ملزم گوگی بٹ سخت سکیورٹی میں عدالت میں پیش ہوا۔ سماعت کے دوران ملزم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس نے صرف ایک بار تفتیش کیلئے بلایا اور فوراً ہی ان کے موکل کو قصوروار قرار دے دیا، تفتیش میں ان کے مؤقف کو مکمل طور پر سنا ہی نہیں گیا۔ دوسری جانب مدعی کے سینئر وکیل کی غیرحاضری پر ان کے جونیئر وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ سماعت ملتوی کی جائے، عدالت نے یہ استدعا منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں 23 ستمبر تک توسیع کر دی۔