جنوبی پنجاب میں سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے ایئر لفٹ ڈرون آپریشن

09-13-2025

(لاہور نیوز) جنوبی پنجاب میں حالیہ شدید سیلاب کے بعد حکومت پنجاب کی جانب سے متاثرین کی مدد کیلئے ایک تاریخی ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے۔

اس آپریشن میں جدید ترین ایئر لفٹ ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر محکمہ داخلہ اور سول ڈیفنس پنجاب کی مشترکہ کاوشوں سے یہ جدید آپریشن متاثرہ علاقوں میں نہ صرف امید کی نئی کرن بن کر سامنے آیا ہے، بلکہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا ایمرجنسی ایئر لفٹ ڈرون سسٹم بھی بن چکا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق ایسے دور دراز اور ناقابلِ رسائی علاقے جہاں کشتیوں یا دیگر زمینی ذرائع سے امداد پہنچانا ممکن نہیں، وہاں یہ ایئر لفٹ ڈرونز 200 کلوگرام تک خوراک، ادویات اور دیگر ضروری سامان متاثرین تک پہنچا رہے ہیں، ان ڈرونز کے ذریعے سیلاب میں پھنسے افراد کی نشاندہی اور تلاش بھی ممکن ہو رہی ہے جس سے بروقت ریسکیو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ سول ڈیفنس پنجاب کے تربیت یافتہ اہلکار ان ڈرونز کو آپریٹ کرتے ہوئے نہ صرف امدادی سامان فراہم کر رہے ہیں بلکہ ضرورت پڑنے پر انسانوں کو بھی محفوظ انداز میں ایئرلفٹ کیا جا رہا ہے، یہ جدید ٹیکنالوجی اب سیلاب میں پھنسے سینکڑوں افراد کیلئے زندگی کی امید بن چکی ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب اور ڈائریکٹر سول ڈیفنس خود مختلف متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے آپریشن کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں، حکومت کی طرف سے اس آپریشن کو مزید مؤثر بنانے کیلئے 10 مزید ایئر لفٹ ڈرونز کی خریداری کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے تاکہ بروقت اور مؤثر امداد ممکن بنائی جا سکے۔ ریسکیو اور ریلیف آپریشن دن رات بلا تعطل جاری ہے جہاں پنجاب کے تمام متعلقہ محکمے اور افسران چوبیس گھنٹے فیلڈ میں موجود رہ کر متاثرہ افراد کی مدد میں مصروف ہیں، حکومت پنجاب نے واضح کیا ہے کہ جب تک سیلاب متاثرہ خاندان مکمل طور پر محفوظ اور مطمئن نہیں ہو جاتے، امدادی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔