رائیونڈ روڈ پر دن کے اوقات میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد
09-11-2025
(ویب ڈیسک) حادثات کی روک تھام اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) نے رائیونڈ روڈ پر دن کے اوقات میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کر دی۔
سی ٹی او کے مطابق صبح 7 بجے سے رات 11 بجے تک ٹھوکر نیاز بیگ سے رائیونڈ تک کسی بھی قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہو گا، اس دوران ہیوی ٹریفک کو سندر روڈ، مانگا منڈی اور ملتان روڈ کی طرف روانہ کیا جائے گا تاکہ مرکزی شاہراہوں پر دباؤ کم ہو اور حادثات کی شرح میں کمی آئے۔ علاوہ ازیں کاہنہ کاچھا سے ڈیفنس روڈ کی طرف بھی ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی ہو گی۔ ٹریفک کی مؤثر نگرانی کیلئے ڈویژنل ایس پیز اور سرکل آفیسرز کی نگرانی میں رائیونڈ روڈ پر اضافی پولیس نفری تعینات کر دی گئی ہے، رانگ پارکنگ کے خاتمے کیلئے فوک لفٹرز اور بریک ڈاؤن وہیکلز کو بھی متحرک کر دیا گیا ہے۔ سی ٹی او کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے جا رہے ہیں اور اس سے ٹریفک حادثات میں واضح کمی آئے گی۔ مزید برآں، رات کے اوقات میں بھی بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ کے کسی ہیوی گاڑی کو شہر میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی تاکہ سڑکوں پر غیر محفوظ گاڑیوں کی آمدورفت پر قابو پایا جا سکے۔