مریم اورنگ زیب کا جلال پور پیر والا کا دورہ، ریسکیو آپریشن کا جائزہ لیا

09-11-2025

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر سینئر منسٹر مریم اورنگ زیب نے رات گئے جلال پور پیر والا کے نواحی علاقے بلوچ واہ بند کا دورہ کیا، جہاں سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

مریم اورنگ زیب نے بستی بہاراں کے قریب بند کے شگاف پر ہونے والے نقصانات کا معائنہ کیا اور اس کی فوری مرمت کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا، اس موقع پر صوبائی وزیر آبپاشی کاظم پیر زادہ اور سیکرٹری آبپاشی نے انہیں تفصیلی بریفنگ دی جس میں سیلاب کے اثرات اور بند کی مرمت کے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔ سینئر منسٹر مریم اورنگ زیب نے بند کے شگاف کی مرمت کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ عوام کی حفاظت کیلئے فوری اقدامات ضروری ہیں، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر امدادی کارروائیاں تیز کی جا رہی ہیں تاکہ متاثرہ علاقوں میں فوری امداد پہنچائی جا سکے۔ سینئر منسٹر  نے رات دو بجے ریسکیو آپریشن کا بھی جائزہ لیا اور 86 ایم ریلیف آپریشن کا مشاہدہ کیا، جس میں امدادی ٹیمیں اور ریسکیو ورکرز متاثرہ علاقوں میں سیلابی پانی سے لوگوں کو نکالنے اور انہیں محفوظ مقامات تک پہنچانے میں مصروف تھے۔ دورے کے دوران صوبائی وزرا خواجہ سلمان رفیق، رانا سکندر حیات، اور پارلیمانی سیکرٹری ضیا اللہ شاہ بھی موجود تھے، جنہوں نے اس اہم ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی۔