سیشن جج لاہور سمیت بڑے پیمانے پر ججوں کے تبادلے و تقرریاں

09-10-2025

(لاہور نیوز) صوبہ بھر میں سیشن ججز کے بڑے پیمانے پر تبادلے و تقرر، سیشن جج لاہور نسیم احمد ورک بھی تبدیل، طارق خورشید خواجہ کو نیا ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور تعینات کر دیا گیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ  جسٹس مس عالیہ نیلم کی منظوری کے بعد پنجاب بھر میں 22 ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کے تبادلے اور تقرریوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، عدالت عالیہ نے تمام تبدیل ہونے والے ججز کو 13 ستمبر تک اپنی نئی تعیناتی پر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق طارق خورشید خواجہ کو حافظ آباد سے لاہور تبادلہ کر کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور جبکہ نسیم احمد ورک کو لاہور سے تبدیل کر کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چکوال تعینات کر دیا گیا ہے۔ سیشن جج عتیق الرحمان خان سرگودھا سے گوجرانوالہ، شہزاد رضا لیہ سے اوکاڑہ، محمد اسلم گوندل خوشاب سے فیصل آباد،  ضیاء اللہ کا  اینٹی کرپشن کورٹ گوجرانوالہ سے ساہیوال، شوکت کمال گوجرانوالہ سے خانیوال، رائے نواز مارتھ پنجاب لیبر کورٹ تھری لاہور سے لیہ اور  عبدالرحیم کا فیصل آباد سے خوشاب تبادلہ کر دیا گیا۔ خالد محمود بھٹی ڈائریکٹر جوڈیشل اکیڈمی سے سیشن جج حافظ آباد تعینات کر دیئے گئے، سیشن جج عامر سلیم رانا شیخوپورہ سے رحیم یار خان، محمد نعیم شیخ اے ٹی سی سرگودھاسے شیخوپورہ جبکہ جلیل احمد کا جج سپیشل کورٹ سنٹرل ملتان سے مظفرگڑھ تبادلہ کیا گیا ہے، تقرری کے منتظر او ایس ڈیز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز علی نواز لاہور سے ملتان، زبیر شہزاد کیانی لاہور سے بہاولپور اور محمد آصف رانا کا لاہور سے لودھراں تبادلہ کر دیا گیا۔ چند ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو نئی تقرری تک لاہور ہائیکورٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ان میں راجہ قمر الزمان، اورنگزیب، سید علی عمران، شاہد اسلام، محمود ہارون خان اور قمر الزمان شامل ہیں۔