صوبے کے وسائل کا رُخ سیلاب متاثرین کی طرف کر رہے ہیں: وزیر اعلی پنجاب مریم نواز
09-09-2025
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے کے وسائل کا رُخ سیلاب متاثرین کی طرف کر رہے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ صوبے میں تاریخی اور بے مثال ریسکیو، ریلیف اور انخلا آپریشن جاری ہے، پنجاب میں تینوں دریاؤں میں سیلاب کی تاریخی اور غیر معمولی صورتحال رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے، پنجاب ٹیم سیلاب متاثرین کی خدمت کےلئے سرگرم عمل ہے، وسائل کا رخ سیلاب متاثرین کی طرف کررہے ہیں۔ بدلتی صورتحال کی مانیٹرنگ کا میکنزم وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سیلاب کی روز بدلتی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کا میکنزم تیار کر لیا، پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ ، ریسکیو اور دیگر حکام خود فیلڈ میں موجود ہیں۔ دوسری جانب مریم نواز کی ہدایت پر بارشوں کے پیش نظر سیلاب متاثرین کےلئے چھ ہزار سے زائد ٹینٹ اور ریسکیو آپریشن کے لئے بوٹس بھیج دی گئی ہیں جبکہ جنوبی پنجاب میں سیلاب متاثرہ علاقوں کیلئے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ کے احکامات کی روشنی میں فلڈ ریلیف کیمپوں میں صاف پانی کی فراہمی کے لئے انتظامیہ اور صاف پانی اتھارٹی متحرک ہے، کیمپوں میں متعدی امراض سے بچاؤ کے فیومیگیشن جاری ہے، ٹینٹ سٹی میں مچھر مار اور جراثیم کش سپرے بھی جاری ہے۔ دوسری جانب ستھرا پنجاب کی ٹیمیں فلڈ ریلیف کیمپوں اور ٹینٹ سٹی میں صفائی پر مامور ہیں،فلڈ ریلیف کیمپوں میں ہیلتھ اور لائیو سٹاک کاؤنٹر پر عملہ ہمہ وقت موجود ہے، جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرین کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جارہی ہے، سپشلسٹ ڈاکٹر کی خدمات بھی حاضر ہیں۔ علاوہ ازیں مویشیوں کی ویکسینیشن اور مفت میڈیسن بھی میسر ہیں، سیلاب متاثرین کو بہتر کھانے کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔