پنجاب: بارشوں کے پیش نظر ہنگامی اقدامات، وزیراعلیٰ کی متاثرین کو ریلیف کی ہدایت
09-09-2025
(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں حالیہ بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں ٹینٹس اور دیگر ضروری امدادی سامان روانہ کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر جلال پور میں سیلاب متاثرین کیلئے 2500 ٹینٹس فوری طور پر روانہ کر دیئے گئے ہیں تاکہ متاثرہ افراد کو فوری پناہ فراہم کی جا سکے۔ اسی طرح رحیم یار خان کے سیلاب زدگان کیلئے بھی 2500 ٹینٹ روانہ کر دیئے گئے ہیں، راجن پور کے متاثرہ علاقوں کیلئے 1000 ٹینٹس فوری طور پر روانہ کئے گئے ہیں، جو حکام کے مطابق شام سے پہلے متاثرین کو مہیا کر دیئے جائیں گے۔ حکومتی ترجمان کے مطابق مختلف اضلاع میں سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے ٹینٹس، خوراک، پینے کے صاف پانی، طبی امداد اور دیگر ضروری سامان کی فراہمی کا عمل تیزی سے جاری ہے، ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متاثرین کی فوری داد رسی کو یقینی بنائیں اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے متعلقہ اداروں کو متحرک رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی، تمام دستیاب وسائل متاثرین کی مدد کیلئے استعمال کئے جائیں۔ صوبائی حکومت کی جانب سے ممکنہ مزید بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ ریسکیو اور ریلیف اداروں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔