صوبائی دارالحکومت میں صبح سویرے سے سورج کرنیں بکھیرنے لگا

09-09-2025

(لاہور نیوز) لاہور میں آج صبح سورج نے اپنی کرنیں بکھیر کر دن کا آغاز کیا، دن کے اوائل میں مطلع جزوی طور پر صاف رہا، جبکہ شہریوں نے خوشگوار موسم کا لطف اٹھایا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 87 فیصد تک پہنچ چکا ہے، جس کے باعث موسم میں خاصی حبس محسوس کی جا رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج شام کے وقت شہر میں بارش کی پیشگوئی بھی کی ہے، بارش کے بعد موسم میں خنکی اور درجہ حرارت میں کمی کی توقع ہے۔ شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بارش کی صورت میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔